جمعہ، 20 جنوری، 2017

لائف ٹپس (2)

تحائف کو اسپیشل بنایئے
 کہا جاتا ہے تحائف کے تبادلے سے محبت بڑھتی ہے۔آج کل گفٹ شاپس سے تحائف وغیرہ آسانی سے مل جاتے ہیں اور ساتھ ان کی پیکنگ بھی کر دی جاتی ہے۔ اگر اپنے کسی پیارے کو تحفہ دیتے ہوئے ’’پرسنل ٹچ‘‘ دیا جائے تو وہ شخص اسے دیر تک یاد رکھتا ہے۔ آپ تحفے کے ساتھ کا غذ پر چند سطریں لکھ دیجیے۔ ہاتھ سے بنے ٹوکن اور کارڈ وغیرہ بھی تحفے کے ساتھ دیجیے۔یہ عمل دوسرے شخص کو خوشگوار احساسات سے ہمکنار کر دیتا ہے۔
 زندگی میں ترقی اور تعلقات کی پائیداری کے لیے بہت ضروری ہے کہ مثبت انداز فکر اپنایا جائے۔ہمارے ہاں شک،تجسس اور منفی تنقید اب ہر مجلس میں عام ہوتی جا رہی ہے۔ نئے سال کے عزائم میں ہم چیزوں کے حوالے سے اپنا زاویہ نظر بدلنے کو بھی شامل کر سکتے ہیں۔ مثبت سوچنے والے لوگ بہت کم پریشان ہوتے ہیں اور ان کے دوستیاں دیرپا اور مضبوط ہوتی ہیں۔
 اپنے احباب میں کتاب بینی کے شوقین دوستوں سے ملیے اور ان سے مختلف موضوعات پر اچھی کتابوں کے بارے میں پوچھئیے ۔ایک فہرست مرتب کر کے باری باری وہ کتابیں پڑھ ڈالیے۔ مطالعے کے دوران کتاب کے اہم مقامات کو نشان زد کیجیے یا پھر نوٹس لیجیے ۔ اس طرح آپ کے پاس حوالے کے طور پر مختلف موضوعات پر معلومات جمع ہو جائیں گی جو آئندہ آپ کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔ اپنے مطالعے کے نتائج کو اپنے دوستوں سے بھی شیئر کریں ۔ممکن ہے اس گفتگو کے دوران دوستوں سے نئی معلومات اور آئیڈیاز آپ کو مل جائیں۔ اس طرح ایک سال میں آپ اپنے شعور میں نمایاں ترقی محسوس کر سکیں گے۔

روزنامہ ایکسپرس


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں