ہفتہ، 10 اپریل، 2021

آواز دوست

 مختار مسعود کی عمدہ نثر کا بہت شہرہ سنا تھا۔ مطالعہ کے حوالے سے بات ہوتی تو اردو دان احباب استفسار کرتے کہ تم نے مختار مسعود کی کون سی کتاب پڑھ رکھی ہے؟ اس پر جس شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا اس کو مٹانے کا موقع راولپنڈی میں ہاتھ آیا۔ دو سال قبل کمرشل مارکیٹ میں مٹر گشت کرتے ہوئے ایک دکان پر "آواز دوست" نظر آئی۔ ہم نے جھٹ بٹوہ نکالا، قیمت ادا کی اور کتاب بغل میں دبائے واپس پہنچ گئے۔ ہاسٹل آ چکنے کے بعد اس زمانے میں خریدی گئی دیگر کتب کی طرح آواز دوست کی قسمت میں بھی بریف کیس کی قید بلامشقت ہی لکھی تھی۔دو سال یہ بریف کیس میں قید رہی اور ہم غم دوراں میں۔ گزشتہ ستمبر میں جب وطن اصلی کو ہجرت کی تو دیگر سامان کے علاوہ کتب سے بھرے 3 بیگ بھی ہمراہ تھے۔ گھر پہنچ کر ان کتابوں کے لیے الماریاں خالی کی گئیں۔ تقطیع اور ترغیب کے لحاظ سے کتابوں کو سجانے کا کام شروع ہوا تو کئی کتب برآمد ہوئیں جنھیں خرید کر ہم حرف غلط کی مانند بھلا ہی چکے تھے۔ الماریوں کی زینت بننے کے بعد صبح شام ان پر نظر پڑتی اور دل و دماغ میں ان کے مطالعہ کے منصوبے از سر نو تشکیل پانے لگتے۔دسمبر میں شورش کاشمیری مرحوم کی "تحریک ختم نبوت" پڑھی کہ اس حوالے سے موجودہ کشمکش کے ہنگام مطالعہ کی تشنگی محسوس ہو رہی تھی۔ اس کے بعد دو ایک انگریزی ناول زیر مطالعہ رہے، مولانا حالی کی شہرہ آفاق مسدس پڑھ لی۔ اب باری آئی مختار مسعود صاحب کی "آواز دوست" کی۔ 27 دسمبر کی شام اس کو پڑھنا شروع کیا تو دوسرے صفحے تک پہنچتے پہنچتے یہ احساس مضبوط تر ہوگیا کہ ہائی لائٹر کے بغیر اس شاہ کار کا مطالعہ خود اپنے ساتھ زیادتی ہوگی۔ چنانچہ 2 دن بعد ہائی لائٹر کے ہمراہ دوبارہ کتاب کا مطالعہ شروع ہوا۔"آواز دوست" بنیادی طور پر دو مضامین کا مجموعہ ہے۔ پہلا مختصر اور دوسرا قدرے طویل تر۔ "مینار پاکستان" کے عنوان سے لکھا گیا پہلا مضمون کئی تحریکوں اور تہذیبوں کا اختصاریہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ مختار مسعود اپنے قاری کو منٹو پارک میں لا کھڑا کرتے ہیں جہاں تحریک پاکستان کی کوئی یادگاری علامت قائم کرنے کی بحث چل رہی ہے۔ ایک مینار ایستادہ کرنے پر اتفاق ہوتا ہے اور بنیادیں بھرنے کا کام شروع ہوتا ہے تو مصنف اپنے قاری کو ہمراہ لے کر تخیلاتی پرواز کے ذریعے مینار کی تاریخی اہمیت کریدنے نکل کھڑے ہوتے ہیں۔ اہرام مصر سے ہوتا ہوا یہ قافلہ اندلس کے مٹے ہوئے میناروں کے کھنڈرات میں مسلم تہذیب کے نقوش کھنگالتا، وسط ایشیا کے میناروں سے کائی کھرچتا، شام و فلسطین کے عظیم میناروں سے گزرتا دوبارہ برعظیم آ ڈیرہ ڈالتا ہے جہاں اسے مغلوں کے فن تعمیر کے شاہ کار مینار دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں وہ مینار بھی ہیں جو مٹی اور ریت سے تعمیر ہوئے اور وہ بھی کہ جو دشمن کے سر کاٹ کر کھڑے کیے گئے۔ یہیں اس کا سامنا شیخوپورہ کے ہرن مینار اور فیصل آباد کے چوک مینار سے بھی ہوتا ہے۔ اس سفر میں مختار مسعود اپنے لکھاری کو مینار کی روایت، اس کے مقاصد اور مختصر تاریخ سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔ انھوں نے اسے دفاعی ضرورت، علامتی نشان اور دین کا ستون وغیرہ وغیرہ قرار دیا۔ چہ عجب کہ اگر مختار مسعود آج زندہ ہوتے تو مساجد کے ہمیشہ سے زیر تعمیر اور ہمیشہ زیر تعمیر رہنے والے میناروں کو روزی کا بہترین ذریعہ بھی قرار دیتے۔دوسرا مضمون طویل تر ہے جسے "قحط الرجال" کا عنوان ملا ہے۔ مختار مسعود کی آٹو گراف البم اس مضمون کی تحریر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ مضمون دراصل درجن بھر خاکوں کا مجموعہ ہے۔ ان میں مصنف نے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کئی بڑے آدمیوں کا تعارف کروایا ہے۔ کئی خاکوں میں وہ ان بڑے آدمیوں کے اوصاف جمیلہ کی توصیف کے ساتھ ساتھ ان کی خامیوں پر بھی نقد کرتے ہیں۔ دور سے کسی شخصیت کو عظیم جان کر مصنف آٹوگراف لینے کی تمنا لیے اس کے قریب جاتے ہیں تاہم یہ قربت تصویر کا کوئی ایسا رخ سامنے لے آتی ہے کہ صاحب کتاب کا ارادہ بدلتا ہے اور آٹوگراف البم ان کی جیب ہی میں پڑی رہ جاتی ہے۔ اس مضمون کا سب سے دلچسپ اور بار بار پڑھنے کے لائق حصہ وہ ہے جس میں مختار مسعود ممتاز برطانوی مورخ آرنلڈ ٹائن بی کے ساتھ اپنی ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے تہذیبوں کے ارتقاء اور زوال کے حوالے سے ٹائن بی کے نظریات کا موازنہ دیگر ماہرین عمرانیات کی آراء کے ساتھ کرتے ہیں۔ یہ حصہ پڑھتے ہوئے قاری جان پاتا ہے کہ تہذیبیں کیونکر جنم لیتی ہیں اور کون سے عوامل انہیں فنا کے گھاٹ اتار دیتے ہیں۔ اس تحریر کے آئینے میں ہم اپنا اجتماعی چہرہ دیکھ کر کسی حد تک یہ تجزیہ کرنے کے قابل بھی ہوجاتے ہیں کہ آیا پاکستانی معاشرہ بالخصوص اور عالم اسلام بالعموم، فی زمانہ کسی تہذیب کے حامل ہیں بھی یا نہیں۔ اور اگر ہیں تو یہ تہذیب یا تہذیبیں ارتقاء یا تنزل کی کس سطح پر ہیں۔"قحط الرجال" کے عنوان کو مصنف نے اپنی آٹوگراف البم کے ساتھ جوڑا ہے۔ تحریک پاکستان کے دنوں میں کہاں یہ صورتحال تھی کہ رہنماوں اور بڑی شخصیات کا جم غفیر تھا۔ متوالے ایک کے بعد دوسرا آٹوگراف لیتے لیتے اپنی بک ختم کر دیتے تھے۔ اور کہاں اب یہ صورتحال ہے کہ مصنف کی آٹوگراف البم آدھی خالی پڑی ہے۔ وہ مارا مارا پھرتا ہے لیکن کوئی شخصیت اس قابل نہیں نظر آتی کہ اس کے دست خط آٹوگراف البم کی زینت بن سکیں۔ شاید ناقدری کی سزا ہی کے طور پر قدرت نے قحط الرجال عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان پر مسلط کر دیا ہے۔
 مصنف: مختار مسعود
تبصرہ: اسامہ مجید

 

جمعہ، 9 اپریل، 2021

The Great Arab Conquests

 

گورننس کے حوالے سے راج نیتی کی تکنیک پر بہت سے تاریخ دانوں اور ماہرین نے قلم اُٹھایا ہے۔ ریاست میں سیاست کے موضوع پر مگر تین کتابیں باقی سب کو پیچھے چھوڑ گئیں۔ اس سلسلے کی سیاسی تاریخ میں بڑی شہرت یافتہ کتاب‘ خطۂ پوٹھوہار کی ایک قدیم یونیورسٹی کے ہندو پروفیسر نے لکھی۔ یہ کتاب ''اَرتھ شاستر‘‘ کے نام سے مشہور ہے‘ جو ابتدائی طور پہ سنسکرت زبان میں لکھی گئی مگر اب یہ کتاب اردو سمیت کئی زبانوں میں ترجمہ ہو کر شائع کی جا چکی ہے۔ ریاست کی معاشی پالیسی اور راج نیتی میں ملٹری سٹریٹیجی اس کتاب کے خاص موضوعات ہیں۔ کوٹلیا چانکیا ٹیکسلا کی یونیورسٹی میں استاد تھا‘ جس کی یہ کتاب قبل از مسیح دوسری صدی میں سامنے آئی تھی۔ تیسری صدی قبل از مسیح میں یہ کتاب پہلی بار پبلش ہو چکی تھی۔ کتاب میں سوشل ویلفیئر اور اجتماعی اخلاقیات جیسے موضوعات بھی شامل ہیں۔کوٹلیا چانکیا نے عملی سیاست اور آرٹ آف گورننس میں حصہ لیا۔ اسی لیے چانکیا کو ہندوئوں کی سیاست میں گُرو سمجھا جاتا ہے۔ چانکیا نے ارتھ شاستر میں اچھی گورننس کیلئے حکومت کی ساخت‘ قانون سازی‘ سول اور کرمنل کورٹ سسٹم اور بادشاہ کے وزیروں کیلئے سکریننگ اور احتساب کا نظام بھی وضع کیا۔دوسری کتاب 1513ء عیسوی میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے Niccolò Machiavelli نے تحریر کی ''The Prince‘‘۔ اس کتاب کو شائع کرنے کیلئے Medici Pope Clement VII نے 1532ء میں اجازت دی‘ مگر The Prince کے مینوسکرپٹ نے 1513ء میں ہی ریاستی سیاست کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔ کتاب پہلی بار اٹالین زبان کے بجائے ورنیکلر اٹالین میں تحریر کی گئی۔ آج یہ کتاب دنیا کی تقریباً ساری بڑی زبانوں میں ماڈرن پولیٹیکل فلاسفی کے عنوان سے ٹرانسلیٹ ہو چکی ہے‘ جسے Machiavellian تھیوری بھی کہا جاتا ہے۔اوپر درج دونوں کتابوں کے لکھے جانے اور پبلشنگ میں کئی صدیوں کا فاصلہ ہے لیکن اس کے باوجود ان دونوں کتابوں میں تین نظریے ایسے ہیں جن کو قدرِ مشترک کہا جاسکتا ہے۔ پہلا نظریہ: سیاست میں سب کچھ جائز ہے۔ ریاست چلانے کیلئے راج نیتی کے سینے میں دل‘وِل کچھ نہیں ہوتا۔ دوسرا نظریہ: راج نیتی کی سیاست‘ مکاری‘ عیاری اور دھوکہ دہی کی بائونڈری وال میں پروان چڑھتی ہے۔ تیسرا نظریہ: مخلوق راج نیتی کا ایندھن ہے۔تیسری کتاب ان دونوں کتابوں سے ہٹ کر ہے‘ جس کا حوالہ 6مارچ 2021ء کو ووٹ آف کانفیڈنس لینے کے بعد اپنے پارلیمانی خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے دیا تھا۔ کتاب کا نام:'The Great Arab Conquests: How the Spread of Islam Changes the World we Live In' ہے۔ اس کتاب کو پرائم منسٹر نے نوجوانوں اور آرٹ آف گورننس میں دلچسپی رکھنے والوں کے نام کرتے ہوئے سب سے درخواست کی تھی کہ اسلام کے ابتدائی دور کو جاننے اور اس دورِ عرج کو سمجھنے کیلئے Hugh Kennedy کی یہ کتاب ضرور پڑھیں۔وزیر اعظم عمران خان کی اس تقریر کے بعد اس کتاب کے اقتباس اور مختلف پہلو سوشل میڈیا پر مباحث اور معلومات کے طور پر شیئر کئے جارہے ہیں۔ معروف قلم کار Max Rodenbeck نے مسٹر کینیڈی کی اس کتاب پر بڑا دلچسپ اور پڑھنے کے قابل ریویو لکھ رکھا ہے۔ یہ ریویو سچے واقعات اور ابتدائی اسلامی تاریخ کی فتوحات کا اکائونٹ بھی ہے اور مسٹر میکس کا تقابلی جائزہ بھی۔ Max Rodenbeck نے طلوعِ اسلام کے دور کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ 632ء میں حضرت محمدﷺ (کے ظاہری حیات سے پردہ فرمانے) کے بعد صرف 15سال کے مختصر عرصے کے اندر اندر حضرت محمدﷺ کے ساتھیوں نے قریبی مشرقی تہذیبوں کے سارے مراکز کو فتح کر لیا تھا۔ میکس کے بقول ان صحرائی مسلمانوں نے عظیم enduring علاقائی عسکری‘ سیاسی اور ریاستی طاقت پرشیا کو مٹا کر رکھ دیا۔ Max Rodenbeck کا مزید کہنا ہے کہ گھوڑوں کی پیٹھ پر بیٹھ کر ناکافی ہتھیاروں کے ساتھ حضرت محمدﷺ کے صحرا نشین ساتھیوں نے اپنے سب سے بڑے اور فوجی شان والی حریف‘ بازنطینی سلطنت کو رگڑ کر rump-state میں تبدیل کردیا‘ جسے شاعر کی زبان میں یوں بھی کہا جاسکتا ہے: کھنڈر کہہ رہے ہیں‘ عمارت عظیم تھی۔وہ مزید لکھتے ہیں کہ ان علاقوں کو فتح کرکے انہی سرزمینوں میں سے صحرا نشین مسلمانوں نے ایک ایسی سلطنت کی بنیاد بنا کر دکھا دی جو روم کی سلطنت کے عروج کے زمانے جتنی وسعت رکھتی تھی۔ میکس روڈنبیگ مدینے کی ریاست کے پہلے 100 سال کی تاریخ ساز فتوحات کا تجزیہ کرتے ہوئے یہ حقیقت بھی بتاتے ہیں کہ محض ایک صدی کے اندر اندر صحرائی مسلم افواج نے مشرق میں اُس وقت کے چین کی طاقتور ترین Tang Dynasty کے فرنٹیئرز کو اُجاڑنا شروع کردیا تھا جبکہ دوسری جانب 5000 میل کے فاصلے پر واقع مغربی سمت میں ان صحرا نشین مسلم فوجیوں نے سپین کو فتح کرنے کے بعد Merovingian princess سے لڑنے کیلئے آج کے فرانس پر بھی چڑھائی شروع کر رکھی تھی۔مسٹر کینیڈی نے قبل از طلوعِ اسلام اور ریاستِ مدینہ کے تقابلی جائزے میں بنیادی نکتہ یہ سامنے رکھا ہے کہ دوسری ایمپائرز اور اُن کا نظریہ‘ کلچر اور زبان اُس وقت تک فتح کئے جانے والے علاقوںمیں قائم رہے جب تک بادشاہت طاقتور رہی‘ لیکن اس کے مقابلے میں اسلامی فتوحات نے وقت کا یہ دھارا اُلٹا کر رکھ دیا۔ مثال کے طور پر ایران میں پہلوی زبان بولی جاتی تھی‘ سیریا کی زیادہ تر آبادی گریک آرمینک زبان بولتی تھی‘ مصر کے علاقے میں کاپٹک بولی جاتی تھی‘ شمالی افریقہ میں لاطینی‘ گریک میں بَربر زبان تھی۔ مصر اور شمالی افریقہ کی زمینوں میں‘ جہاں آج کے زمانے میں اسلامی نیشن سٹیٹس ہیں‘ جہاں نہ تو کوئی مسلمان تھا اور نہ ہی کوئی عربی بولنے والا۔ یہی بات ایران اور افغانستان کے بارے میں بھی سچ تھی۔ اس کتاب میں پہلی اسلامی ریاست کے ذریعے آنے والی تبدیلی کی جغرافیائی پیمائش اور رفتار کو حیرت انگیز قرار دیا ہے۔ پہلی صدی ہجری میں سپین‘ پرتگال‘ ازبکستان‘ ترکمانستان اور جنوبی پاکستان (صوبہ سندھ) پر عربی بولنے والے مسلمان اشرافیہ کی حکومت قائم ہو چکی تھی۔ ان سب ملکوں میں مقامی آبادی اپنا مذہب تبدیل کرکے اس نئے مذہب کی طرف آنا شروع ہوچکے تھی۔ کتاب میں بڑی دیانت داری سے کہا گیا ہے کہ اسلامی فتوحات دیکھ کر سکندر اعظم اور چنگیز خان کی فتوحات فوراً ذہن میں آتی ہیں‘ لیکن فرق یہ ہے کہ مسلمانوں کی فتوحات نے فتح کی ہوئی زمینوں کی زبان اور مذاہب پر مستقل اثرات چھوڑے ہیں۔اگلے روز رئوف کلاسرا صاحب کے گھر حاضری دی‘ 90 منٹ کی نشست میں انہوں نے کتابوں کی اہمیت پر زور دیا اور یہ ہدایت بھی دی کہ اپنے والد صاحب کی لائبریری سے دوستی پکی کرلو۔ اُن کی گفتگو سے واضح ہوا کہ انفارمیشن کے اس سمندر میں کتاب ایسی کشتی ہے جو علم کے طالب کی سمت کو گم کردہ راہ نہیں ہونے دیتی۔ کلاسرا صاحب کے پاس اُن کی تازہ کتاب ''گمنام گائوں کا آخری مزار‘‘ ساتھ لے کر گیا تھا‘ جس پر کمال مہربانی سے انہوں نے حوصلہ افزائی کے لفظ لکھے۔ ساتھ ہی اپنی دو کتابیں ''تاریک راہوں کے مسافر‘‘ اور ''ایک قتل جو نہ ہوسکا!‘‘ مجھے گفٹ بھی کردیں۔Hugh Kennedy نے طلوعِ اسلام کے بعد روشن طرزِ حکمرانی کا غیر جانبدارانہ تجزیہ کرکے ہمیں سبق دیا کہ ہم کون ہیں‘ ہمارے مشاہیر کون اور ہمارے رول ماڈل کیا ہیں۔ یہی بات ترکی کے ڈرامہ نگار اور ڈرامہ ساز سمجھ چکے ہیں۔ ہمارے لکھنے والے نہ اپنی کتاب پر کچھ لکھتے ہیں نہ اپنے ہیروز پر کچھ بناتے ہیں۔ ہمیں جو کچھ دکھایا جا رہا ہے‘ کیا ہم وہ ہیں؟

عبداللہ بابر اعوان



جمعرات، 8 اپریل، 2021

The Ultimate Goal

 

کتاب: "حتمی منزلِ مقصود"

اوریا مقبول جان

آج کے دور میں کسی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کو محض ایک جاسوس کہنا، اس کی شخصیت اور کام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ پوری دنیا میں اس وقت طاقت، قوت، معیشت اور غلبے کی جو بساط بچھی ہوئی ہے اس کے پیچھے عالمی قوتوں کے خفیہ ادارے ہی متحرک ہیں۔ یہ تمام ادارے اپنی ایک آئیڈیالوجی رکھتے ہیں اور ہر ادارے کا سربراہ ایک "نظریاتی" شخص ہوتا ہے۔ پاکستان میں ایک زمانے تک آئی ایس آئی کو یہ اعزاز حاصل تھاکہ وہ ایک مکمل نظریہ رکھتی تھی، پھر وقت کے ساتھ ساتھ عالمی طاقتوں کی کاسہ لیسی میں اب ایک سادہ سی ایجنسی بن کر رہ گئی ہے۔ یہ نظریہ بنیادی طور پر مشن سٹیٹمنٹ جیسی کارپوریٹ چیزوں سے بالا تر ہوتا ہے۔ عمومی طور پر کسی ملک کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کو"Chief Spy Master"یعنی جاسوسوں کا نگران یا سب سے بڑا جاسوس کہا جاتا ہے۔ لیکن یہ لقب بھی اس کی موجودہ دور میں تمام تر ذمہ داریوں اور کردار کا احاطہ نہیں کرتا۔ جس شخص کو میں نے ایک "نظریاتی جاسوس" کہا ہے وہ بھارت کی خفیہ ایجنسی "رائ"(R&AW) کا سابق سربراہ وکرم سود(Vikram Sood) ہے۔ اس کی تازہ ترین کتاب ایسی ہے کہ جسے دنیا کے ہر بڑے قومی ادارے، خصوصاً خفیہ اداروں کے نصاب میں شامل ہونا چاہیے۔ کتاب کا نام ہے "حتمی منزلِ مقصود"۔ خطے میں جنرل حمید گل کے بعد یہ دوسرا متاثر کن "جاسوس" ہے جسے حالات و واقعات، تاریخ، نظریہ اور جدید و قدیم علوم پر دسترس حاصل ہے۔ کتاب اسقدر مسحورکن ہے کہ آپ اسے پڑھنا شروع کردیں تو اس کا سحر آپ کو آخر تک لے جائے گا اور آپ انہماک سے پڑھتے چلے جائیں گے۔بھارتی خفیہ ایجنسی "رائ"کا یہ سربراہ آپ کو اس لیے بھی مزید حیران کر تا ہے کہ وہ ایک سابق فوجی نہیں ہے، بلکہ اس کا زندگی بھر فوج سے کبھی بھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ وکرم سود بھارت کی سول سروس کی سب سے غیر اہم "پوسٹل سروس" سے تعلق رکھتا تھا۔ اپنی افتادِ طبع اور میلان کی وجہ سے اس نے 1966ء میں "رائ"میں ڈیپوٹیشن حاصل کر لی۔ اس کے بقول وہ ایک ایسی شخصیت سے بہت متاثر ہوا جو انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS)سے بھارتی خفیہ ایجنسی میں آیاتھا۔ یہ شخص بی رامن تھا جو "راء "کے بانیوں میں سے ایک ہے۔ وکرم سود، واحد شخص ہے جس کا نہ فوج میں کسی قسم کا کوئی تجربہ تھا اور نہ ہی اس پولیس یا بارڈر سیکورٹی فورس میں کبھی نوکری کی تھی۔ وہ صرف اور صرف اپنی قابلیت کی بنیاد پر راء کا چیف بنا۔ پاکستان کے رہنے والوں کے لیے ایک اور بات بھی حیران کن ہو گی کہ وکرم سود نے جس شخص سے راء کے چیف کا چارج لیا، وہ شخص سندرا جن بھی کوئی فوجی نہیں تھا بلکہ انڈین پولیس سروس سے تھا۔وکرم سود راء کا واحد سربراہ تھا جسے بھارتی بیوروکریسی میں سیکرٹری کا درجہ بھی دے دیا گیا تھا اور وہ ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی بھی تھا۔ عمومی طور پر راء کا سربراہ سیکرٹری کے ماتحت ہوتا ہے۔ اس کی کتاب میں لکھے ہوئے حقائق ہمیں اس لیے بھی حیران کن لگیں گے کیونکہ بھارت میں وقت کے ساتھ ساتھ ایک قومی نظریہ مضبوط سے مضبوط تر ہوا ہے اور ہمارے ہاں نظریے کی موت واقع ہوئی ہے۔ وکرم سود کی یہ کتاب کسی بھی قوم کے لیے ایک نظریے کی ضرورت کے گرد گھومتی ہے۔ وہ کہتا ہے کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے معاشی قوت اور فوجی طاقت کے ساتھ ایک جاندار نظریے کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔ وہ اسے بیانیہ (Narrative)کہتا ہے۔ اس کے نزدیک آج کی دنیا میں بیانیہ صرف اور صرف طاقت ور کا ہوتا ہے جسے وہ پوری قوت کے ساتھ دنیا بھر میں نافذ کرتا ہے۔ اس کا مقابلہ کرنا ہو توقومیں معاشی قوت یا فوجی طاقت سے نہیں بلکہ بیانیے کی بنیاد پر سرخرو ہوسکتی ہیں۔ کوئی بھی قوم جس کا اپنا کوئی نظریہ یا بیانیہ نہ ہو وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور معیشت کے باوجود کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ یہ کتاب جدید عالمی منظر نامے کی ایک ایسی مکمل تصویر ہے، جس میں مصنف نے جدید مغربی تہذیب کے منہ سے نقاب نوچ ڈالا ہے۔ وہ لکھتا ہے کہ جنگِ عظیم دوم کے بعد امریکہ، برطانیہ اور دیگر قوتوں نے اپنے لیے ایک طاقتور میڈیا تخلیق کیا۔ اس کے بعد میڈیا کے ذریعے یہ تصور عام کر دیا کہ جنگِ عظیم دوم میں برطانیہ اور اتحادیوں نے تو ایک پرندے کو بھی گولی نہیں ماری تھی۔ تمام دس کروڑ انسانوں کا قاتل صرف اور صرف ہٹلر تھا۔ہیرو شیما اور ناگا ساکی پر بم بھی انسانیت کو مزید ظلم سے بچانے کے لیے پھینکے گئے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ نریندر مودی ہندو قوم پرست ہے، تو کیا اسے کرسچن قوم پرست ہونا چاہیے۔ ہمارے بچپن میں بی بی سی کی ڈاکومنٹریاں آتی تھیں جن میں گائے کو دم گھماتے دکھایا جاتا تھا اور پھر خاص انداز میں تمسخر کے ساتھ کہا جاتا تھا کہ دیکھو ہندو اس کی پوجا کرتے ہیں۔ ہمیں ایسی قوم بنا کر پیش کیا جاتا رہا ہے جو سانپ کے آگے بین بجانے والی اور ریچھ بندر نچانے والی ہے۔ بیانیہ جیتنے والی قوت تخلیق کرتی ہے۔ اگر ہٹلر جیت جاتا تو آج اس کا بیانیہ پوری دنیا کا بیانیہ ہوتا۔ جنگِ عظیم دوم سے لے کر سویت یونین کے خاتمے تک امریکی اور مغربی طاقتیں سرد جنگ لڑتی رہی ہیں۔ اس دوران یہ انسانی حقوق کانام تک نہیں لیتی تھیں۔ اس وقت تووہ صرف دنیا میں جمہوریت نافذ کرنا چاہتی تھیں۔ کسقدر حیرت انگیز بات ہے کہ سرد جنگ کے دوران دنیا کے 65 ممالک کے ڈکٹیٹر امریکہ کے ساتھ مل کر دنیا میں جمہوریت نافذ کررہے تھے۔ بھارت کے پاس اگر فوج ہے تو ہماری فوج میں مشرقی، مغربی یا جنوبی کمانڈہوتی ہے۔ ہمارے جرنیلوں کی پوسٹنگ ملک کے اندر ہوتی ہے۔ لیکن امریکہ اپنی فوج کی کمانڈ اپنے ملک کے باہر رکھتا ہے۔ یہ یورپین کمانڈ ہے، یہ انڈو پیسیفک ہے، یہ مڈل ایسٹ ہے، فارایسٹ ہے۔ جیسے ہم اپنے ملک کے مختلف حصوں میں افواج رکھتے ہیں ویسے ہی امریکہ، برطانیہ، روس، چین، اور فرانس پوری دنیا کے مختلف حصوں میں افواج رکھتے ہیں۔ ہمارے کورکمانڈر اپنے ملک میں ہوتے ہیں، ان کے کورکمانڈر دنیا میں پھیلے ہوتے ہیں۔امریکہ میں ایک بہت بڑا تھنک ٹینک ہے کونسل آف فارن ریلیشنز۔ یہ 1918ء سے قائم ہے اور اس میں امریکہ کے تمام صدور ممبر ہیں۔ اسے ایک قسم کا دوسرا دفتر خارجہ کہتے ہیں۔ یہ امریکہ کا بیانیہ بناتا ہے۔ کہانی گھڑتا ہے اور پھر اس کہانی اور بیانیے کے ذریعے پوری دنیا پر حکومت کرتا ہے۔ صرف ایک ملک عراق میں آزاد اندازے کے مطابق امریکی افواج نے بیس لاکھ انسانوں کا خون بہایا ہے، جبکہ امریکہ کے ادارے جان ہاپکنز کے نزدیک چودہ لاکھ لوگوں کا قتل ہوا۔ کیا دنیا کا کوئی غریب ملک صرف چودہ ہزار لوگ بھی اس طرح قتل کر کے دنیا کے نقشے پر قائم رہ سکتا تھا۔ اس کی تکا بوٹی کر دیتے۔ جس ملک نے بھی قتل کرنے ہیں، تواسے بڑی طاقتوں کی مرضی سے کرنا ہوں گے۔ وکرم کہتا ہے یاد رکھو! دنیا میں جمہوریت صرف اپنے ملک کے اندر ہوتی ہے اور وہ بھی جتنی اس کی ضرورت ہو، ملک سے باہر تو اقتدارِ اعلیٰ (Sovereignty)ہوتا ہے، غلبہ ہوتا ہے۔ آپ معاشی قوت بن جائیں، فوجی طاقت حاصل کر لیں، آپ پھر بھی غلام رہیں گے، ذہنی طور پر خود کو پسماندہ ہی تصور کرتے رہیں گے۔ جب تک آپ اپنے لیے کوئی کہانی نہیں گھڑتے، کوئی بیانیہ نہیں بناتے، آپ کچھ بھی نہیں ہیں۔ امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس سب کے ہاتھ انسانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ سب کا ماضی ظالموں کا ماضی ہے، سب نے کئی کئی کروڑ لوگ مارے ہیں۔ ہر ایک کے ماضی میں کوئی نہ کوئی ریڈ انڈین موجود ہے اور کوئی ایک نو آبادیاتی کالونی بھی۔ لیکن انہوں نے دنیا کے سامنے خود کو ایسے پیش کر رکھا ہے، جیسے ان کا دامن بہت صاف ہے اور یہ صرف انصاف، امن اور انسانی حقوق کے علمبردار ہیں۔ ان کا بیانیہ اس لیے بھی کامیاب ہوتا ہے کیونکہ ان کے پاس بیانیہ ہوتا ہے۔ ہم اس لیے ناکام ہیں کہ ہمارا اپنا کوئی بیانیہ نہیں ہوتا، ہم ان کے بیانیے پر چلتے ہیں اور ذلیل و رسوا ہوتے ہیں۔



بدھ، 7 اپریل، 2021

بھٹو خاندان میری یادوں میں

 کتاب : ’’بھٹو خاندان میری یادوں میں‘‘

مصنف: واجد شمس الحسن

جاوید چودھری

واجد شمس الحسن بنیادی طور پر صحافی تھے‘ عین جوانی میں ایڈیٹر بن گئے‘ والد سید شمس الحسن مسلم لیگی اور قائداعظم کے دست راست تھے‘ یہ لوگ دہلی میں رہتے تھے‘ والد کا پرنٹنگ پریس تھا‘ مسلم لیگ کی تمام دستاویز‘ پوسٹرز اور اشتہارات اسی پریس سے شایع ہوتی تھیں۔قائداعظم نے ڈان اخبار شروع کیا تو سید شمس الحسن اس کے پرنٹر اور پبلشر تھے‘ خاندان قیام پاکستان کے بعد کراچی آ گیا‘ والد انتقال تک مسلم لیگی رہے اور ملک کی اعلیٰ قیادت ہر دور میں ان کی دوست رہی‘ خان لیاقت علی خان روز سید شمس الحسن کے ساتھ ناشتہ کرتے تھے‘ واجد شمس الحسن تعلیم مکمل کرنے کے بعد صحافت میں آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے نامور صحافی بن گئے‘ پیشہ وارانہ ذمے داریوں کے دوران ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ رابطہ ہوا اور بھٹو خاندان کے ساتھ ان کی دیرینہ دوستی شروع ہو گئی۔بھٹو صاحب نے واجد شمس الحسن کو سگار پینا سکھایا‘ان کے پاس بڑے سائز کی ماچس ہوتی تھی‘ انھوں نے سگار اور ماچس واجد صاحب کو پکڑائی اور کہا ’’یہ یاد رکھنا سگار کو لائیٹر سے نہیں ہمیشہ ماچس سے جلایا جاتا ہے‘‘ بھٹو صاحب پوری زندگی واجد صاحب کو ہر مہینے سگار کا ڈبہ بھجواتے رہے‘ یہ سلسلہ بھٹو صاحب کے بعد بے نظیر بھٹو نے بھی جاری رکھا‘ واجد شمس الحسن واحد شخص تھے جو محترمہ کے سامنے سگار پی سکتے تھے۔بے نظیر کا کہنا تھا آپ جب سگار پیتے ہیں تو مجھے اپنے والد یاد آجاتے ہیں‘ میں نے اپنا پورا بچپن اس خوشبو کے ساتھ گزارا تھا‘ واجد صاحب بھٹو صاحب کے بعد بھی بھٹو خاندان کے ساتھ وابستہ رہے‘ یہ بیگم بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں بھی شامل تھے‘ بے نظیر انھیں اپنا بھائی کہتی تھیں‘ یہ ان کے بھی انتہائی قریب تھے‘ یہ ان کے رازدار بھی تھے اور یہ آخری وقت تک محترمہ کے ساتھ رابطے میں بھی رہے۔واجد شمس الحسن نے پچھلے دنوں ’’بھٹو خاندان میری یادوں میں‘‘ کے نام سے ایک شان دار کتاب لکھی‘ میں نے یہ کتاب شروع کی اور اسے مکمل کیے بغیر کوئی دوسرا کام نہیں کیا‘ یہ بھٹو خاندان کے کسی ’’ان سائیڈر‘‘ کی پہلی مستند کتاب ہے لہٰذا ہم اسے تاریخی اعتراف نامہ قرار دے سکتے ہیں‘ کتاب میں بھٹو خاندان کے تمام دوستوں اور دشمنوں کا تفصیل سے ذکر ہے‘ اس میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو وقت پڑنے پر بھٹوز کا ساتھ چھوڑتے رہے اور وہ بھی جو ہر اچھے اور برے وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔یہ پارٹی کا نوحہ بھی ہے اور بھٹو صاحب اور محترمہ کی عادتوں کا تفصیل نامہ بھی‘ مثلاً والد اور بیٹی دونوں تفصیل کے ساتھ فائلیں پڑھتے اور ان پر لمبے لمبے نوٹ لکھتے تھے اور کوئی فائل ان کی نظر سے اوجھل نہیں ہو سکتی تھی‘ محترمہ صبح تین بجے تک کام کرتی تھیں‘ وہ جہاں جاتی تھیں وہاں سے کتابیں خریدتی تھیں اور سفر کے دوران ہی ختم کر دیتی تھیں‘ ان کے پڑھنے کی اسپیڈ بہت زیادہ تھی‘ بھٹو صاحب بیرون ملک دورے کے دوران اپنے ساتھیوں کو سمجھاتے اور سکھاتے بھی تھے۔یہ جب شملہ معاہدے کے لیے بھارت جا رہے تھے تو انھوں نے ائیرپورٹ پر اپنے وفد سے کہا تھا‘ ہم جنگ ہار چکے ہیں لیکن انڈیا پہنچ کر آپ کے کسی رویے سے ہار کا تاثر نہیں ملنا چاہیے‘ آپ لوگوں سے ملیں لیکن آپ کے رویے میں ہار اور گرم جوشی دونوں نہیں ہونی چاہییں اور آپ نے واپسی پر انڈیا سے 1971کی جنگ سے متعلق کتابوں کے سوا کچھ نہیں خریدنا‘ ہم واپسی پر آپ لوگوں کے سامان کی تلاشی لیں گے‘ اگر کسی کے سامان سے کوئی ساڑھی یا دوسرا سامان نکلا تو اسے سزا دی جائے گی‘ ہم انڈیا کو یہ تاثر نہیں دینا چاہتے ہم انڈین مصنوعات کے فین ہیں اور ہم اپنے جنگی قیدیوں کے بجائے شاپنگ کے لیے یہاں آئے ہیں۔واجد شمس الحسن نے جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کا بھی بڑا دل چسپ ذکر کیا‘ یہ اس وقت ڈیلی نیوز کے ایڈیٹر تھے‘ میڈیا سنسرشپ کا شکار تھا‘ مارشل لاء اور جرنیلوں کے بارے میں کوئی خبر نہیں چھپ سکتی تھی‘ اس زمانے میں چلی میں جنرل پنوشے نے مارشل لاء لگا دیا تھا‘ واجد صاحب چلی اور جنرل پنوشے کے بارے میں فرنٹ پیج پر خبر لگا دیتے تھے‘ اس سے عوام ہنس پڑتے تھے اور مارشل لائی حکومت پریشان ہو جاتی تھی لہٰذا انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے جنرل پنوشے کی خبر فرنٹ پیج پرلگانے پر پابندی لگا دی‘ یہ اندرونی صفحات میں سنگل کالم شایع ہوتی تھی۔واجد صاحب نے انکشاف کیا‘ ذوالفقار علی بھٹو کا مقدمہ سننے والے بینچ میں جسٹس وحید الدین سینئر جج تھے‘ جنرل ضیاء الحق کو محسوس ہوا یہ بھٹو صاحب کے حق میں فیصلہ دے دیں گے‘ یہ بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض تھے‘ حکومت کے وکیل اعجاز بٹالوی نے جان بوجھ کر طویل دلائل دیے‘ جسٹس وحیدالدین کی شوگر اور بلڈ پریشر شوٹ کر گیا‘ یہ عدالت سے اسپتال لے جائے گئے اور وہاں انھیں جان بوجھ کر گلوکوز کی ڈرپ لگا دی گئی تاکہ یہ کوما میں چلے جائیں‘ جسٹس وحید الدین کو بالآخر بیماری کی بنیاد پر نااہل کر دیا گیا۔بینچ میں سات جج رہ گئے اور یوں چار اور تین کے فیصلے سے بھٹو صاحب کو سزائے موت دے دی گئی‘ واجد صاحب نے انکشاف کیا‘ بھٹو صاحب نے جیل میں آخری ملاقات کے دوران بے نظیر کو وصیت کی‘ آپ کی تقدیر میں وزیراعظم بننا لکھا ہے لیکن یہ یاد رکھنا آپ وزیراعظم بن کر کسی اسلامی ملک کو اپنی نیوکلیئر ٹیکنالوجی نہ دینا کیوں کہ مغربی ملک پاکستانی بم کو کڑوی گولی سمجھ کر نگل لیں گے لیکن یہ کسی قیمت پر اسلامی بم برداشت نہیں کریں گے‘ محترمہ نے یہ وصیت پلے باندھ لی۔واجد صاحب نے انکشاف کیا‘ بے نظیر بھٹو نے 1988 میں شمالی کوریا اور چین سے میزائل ٹیکنالوجی حاصل کی ‘ وہ میزائل کی ڈسک اور نقشے اپنے لمبے کوٹ میں چھپا کر پاکستان لائی تھیں‘ وہ اکثر کہتی تھیں ’’میں نے اور میرے والد نے پاکستان کے لیے اتنا کچھ کیا لیکن یہ مجھ سے اب بھی خوش نہیں ہیں‘‘ اور واجد صاحب نے انکشاف کیا‘ امریکا کے صدر بل کلنٹن بے نظیر بھٹو کے ذریعے اسرائیل کو تسلیم کرانا چاہتے تھے مگر بے نظیر نے انکار کر دیا۔سردار فاروق لغاری انٹیلی جینس ایجنسی کے آدمی تھے اور انھیں پارٹی میں باقاعدہ پلانٹ کیا گیا تھا‘ واجد شمس الحسن نے دعویٰ کیا رحمن ملک ایف آئی اے میں تھے اور انھوں نے بے نظیر بھٹو کے خلاف سنگا پور ائیرلائین کے طیارے کے اغواء کا جھوٹا مقدمہ بنا دیا تھا‘ بے نظیر انھیں اکثر کہا کرتی تھیں ’’رحمن سنگا پور ائیرلائین جیسی تفتیش نہ کرنا‘‘ واجد صاحب نے انکشاف کیا‘ مجھے بے نظیر کی حکومت کے خاتمے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے کا ایڈیشنل ڈائریکٹر فرید خان میری تفتیش کر رہا تھا‘ وہ ایمان دار افسر تھا لیکن اسے یہ بھی معلوم نہیں تھا ہائی کمشنر کون ہوتا ہے‘ اس نے ایک دن مجھ سے پوچھا ’’سر میں نے کمشنر‘ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر تو سنا ہے مگر یہ ہائی کمشنر کیا چیز ہوتی ہے‘‘ میں نے اس سے کہا ’’آپ یہ صدر فاروق لغاری سے پوچھو جس نے مجھے پکڑوایا ہے‘‘۔واجد شمس الحسن نے اپنی کتاب میں این آر او اور محترمہ کی پاکستان واپسی کا بھی تفصیل سے ذکر کیا‘اس حوالے سے باقی تفصیلات اگلے کالم میں بیان کروں گا۔


منگل، 6 اپریل، 2021

Born A Muslim: Some Truths about Islam in India

 لوگ صبح ہی سے ہمیں بتا رہے تھے کہ ہندو نوجوانوں کے جتھے کسی بھی وقت آپ کے گھر پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ میرے والد نے انتہائی پریشانی کے عالم میں میری والدہ اور ہم بہن بھائیوں کو آگرہ کے سب سے اچھے "مغل ہوٹل" میں منتقل کر دیا۔ چند گھنٹے وہاں گذارنے کے بعد، میری والدہ نے فیصلہ کیا کہ آخر کب تک ہم یہاں چھپے بیٹھے رہیں گے اور ادھر تمہارے والد بھی تو اکیلے ہیں، اس لئے ہمیں واپس جانا چاہیے۔ ہم دوپہر کے بعد واپس آگئے۔ پورے شہر میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کے حق میں جلوس نکل رہے تھے۔ یہ نومبر 1990ء کی ایک صبح تھی، جب پورا آگرہ شہر ایل کے اڈوانی کی "رتھ یاترا" کے جنون میں مبتلا ہو چکا تھا۔ ہم لوگ موجودہ گھر سے پہلے ایک مسلم اکثریتی علاقے میں رہتے تھے۔ لیکن سات سال پہلے، میرے والد نے یہ فیصلہ کیا کہ ایسی آبادی میں رہ کر ہم بھارتی عوام کے بڑے دھارے سے کٹ کر رہ جائیں گے، اس لئے انہوں نے اس ہندو اکثریتی علاقے میں رہائش اختیار کرلی۔ ہم ہوٹل سے واپس گھر لوٹے تو میرے والد نے مجھے اپنی ٹیلیفون ڈائری دی جس میں آگرہ کی انتظامیہ کے تمام بڑے اہلکاروں، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی اور ایس پی وغیرہ کے نمبر تھے۔ یہ وہ تمام لوگ تھے جن سے ہماری خاندانی دوستی تھی۔ یہ پارٹیوں میں ہمارے گھر آتے تھے اور ہم ان کے گھر جایا کرتے تھے۔

مغرب کے وقت مشتعل ہجوم ہمارے گھر کے سامنے جمع ہو گیا جس کی قیادت ہمارا ایک پڑوسی کر رہا تھا۔ میں نے والد کو بتایا تو انہوں نے اطمینان کا سانس لیتے ہوئے کہا کہ اگر "سنجے بھائی" ہے تو وہ ان لوگوں کو سنبھال لے گا، اس لئے کہ سنجے کا چھوٹا بھائی میرے بھائی کا بہت اچھا دوست تھاوہ دونوں ایک ساتھ کھیلتے تھے۔ لیکن ہماری حیرت کی انتہا نہ رہی جب اس پورے ہجوم کو ہمارے گھر پر حملہ کے لئے مشتعل کرنے والا شخص سنجے ہی تھا۔ انہوں نے ہمارے گھر پر پتھروں کی بارش شروع کر دی۔ ہماری تمام کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، سامنے کا شیشے کا دروازہ چکنا چور ہو گیا اور ہماری گاڑی کو تباہ و برباد کر دیا گیا۔ میں نے اس دوران آگرہ کے تقریباً ہر بڑے پولیس آفیسر یا انتظامی سربراہ کو فون کیا لیکن کسی نے میرا فون نہیں اٹھایا۔ یہ وہ لوگ تھے جنہیں میں انکل کہا کرتی تھی کیونکہ اس وقت میری عمر صرف 19سال تھی۔ یہ صرف بیس منٹ تھے لیکن یہ بیس منٹ کئی صدیوں پر محیط ہو چکے تھے۔ یہ واقعہ ہے جو اس کتاب کو تحریر کرنے کا متحرک بنا۔ ایک ایسی کتاب جسے پڑھتے ہوئے ہر چند لمحوں بعد آپ کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں اور آپ کو تحریر پر نظریں جمانے کے لئے آنکھیں صاف کرنا پڑتی ہیں۔ اس کتاب کو مارکیٹ میں آئے ابھی چند دن ہوئے ہیں لیکن اس میں موجود حقائق نے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔"کرن تھاپر" نے جب اس کتاب کی مصنفہ "غزالہ وہاب" کا انٹرویو کیا تو اس نے کہا کہ میں کبھی آسانی سے کسی شخصیت یا کتاب سے متاثر نہیں ہوتا، لیکن اس کتاب نے مجھے مجبور کر دیا کہ میں اس کی مصنفہ کا انٹرویو کروں۔

کتاب کا نام ہے "Born A Muslim: Some Truths about Islam in India" (مسلمان گھرانے میں پیدائش: بھارت میں اسلام کے بارے میں حقائق)۔ کرن تھاپر نے تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کے عنوان میں جو سوال ہے اس کا جواب صرف ایک سچائی نہیں بلکہ ایک تکلیف دہ حقیقت ہے۔ کرن تھاپر کے نزدیک یہ کتاب ایک سوانح نگاری ہے (Autobiography) ہے، ایک حکایت (Anecdotal) ہے، ایک تجزیاتی (Analytical)تحقیق اور ریسرچ ہے اور اپنے اندر وسیع تاریخی مواد رکھتی ہے۔ غزالہ وہاب اور اس کا خاندان بھارت کے ایسے مسلمان گھرانوں میں سے ایک ہے جسے آج کے دور میں جدیدسیکولر، لبرل اخلاقیات کا علمبردار کہا جا سکتا ہے۔ خود غزالہ وہاب جو ایک مشہور صحافی اور قلم کار ہے، اس نے "می ٹو"تحریک سے متاثر ہو کر 2019ء میں مشہور ایڈیٹر اور سیاست دان ایم جے اکبر پر کئی سالوں بعد جنسی ہراسانی کا الزام لگایاتھا۔

کتاب بھارت میں بسنے والے چوبیس کروڑ مسلمانوں کی خونچکاں داستان ہے، جس میں نگر نگر آباد، اقلیت کے طور پر زندگی گذارنے والے مسلمانوں کی کہانیوں کے ٹکڑوں کو جوڑ کر ایک بہت بڑی تصویر بنا ئی ہے۔ ایک ایسے بھارت کی تصویر جس میں مسلمانوں کی بستیاں ایک رستے ہوئے زخم، کوڑے کا ڈھیر اور گندگی کے پہاڑوں کی طرح نظر آتی ہیں۔ یہ وہ مسلمان ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ اس بات پر مجبور کر دیئے گئے ہیں کہ وہ صرف ایسے علاقوں میں جا کر آباد ہوں جہاں صرف اور صرف مسلمان رہتے ہوں تاکہ کسی بلوے، آفت یا حملے کی صورت میں وہ ایک دوسرے کا سہارا بن سکیں۔ یہ علاقے اور یہ آبادیاں پورے بھارت میں گندگی، غلاظت اور غربت کی منہ بولتی تصویریں ہیں۔ غزالہ وہاب نے احمد آباد کے جوہا پاڑہ جیسی لاتعداد آبادیوں کا ذکر کیا ہے وہ بدترین گھیٹو (Ghetto) ہیں۔ اس کے نزدیک مسلمانوں کا المیہ یہ ہے کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ وہ بھارت میں ایک غریب ترین اقلیت میں ڈھل چکے ہیں۔ غریب سے غریب ترین یعنی بھارت میں آباد کروڑوں شودروں اور دلتوں سے بھی کمتر حیثیت میں ۔ اس لئے کہ شودروں اور دلتوں کو سماج میں اعلیٰ مقام دلانے اور ان کو قابلِ عزت روزگارفراہم کرنے کے لئے حکومتی سطح پر اور این جی اوز اور سول سوسائٹی کی سطح پر مسلسل کوششیں جاری رہتی ہیں اور وہ اپنی موجود حالت سے سماجی بلندی کی جانب سفر بھی کر رہے ہیں۔ لیکن مسلمان جس پستی میں پہلے تھے اب اس سے کہیں زیادہ پستی اور غربت کے گڑھے میں گرتے جا رہے ہیں، اور ان کو اس پسماندگی سے نکالنے اور آگے بڑھانے کے لئے نہ حکومتی سطح پر کوئی پروگرام موجود ہے اور نہ ہی سول سوسائٹی میں سے کوئی آواز اٹھانے کی ہمت کرتا ہے۔ مسلمانوں کی اکثریت چھوٹے چھوٹے پیشوں سے وابستہ ہے جن میں لوہار، ترکھان، جولاہا وغیرہ۔ یہ مسلمان خاص طور پر وہ بھینسیں پالتے ہیں اور گوشت اورچمڑے کا کاروبار کرتے ہیں۔ اسی لئے جب ان کو خوفزدہ کرنا ہو، مارنا یا قتل کرنا ہو تو وزیراعلیٰ ادیتیا ناتھ یوگی جیسے لوگ اسی کاروبار کے خلاف بات کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

کتاب میں مسلمانوں کے اس المیے کی دلگداز داستان کا تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ مسلمانوں کی کسی بھی آبادی پر کسی بھی دن بغیر کسی وجہ سے حملہ ہو سکتا ہے۔ کسی بھی مسلمان نوجوان کو پولیس کسی بھی وقت دہشت گردی کے الزام میں اٹھا کر لے جا سکتی ہے۔ وہ بڑے شہروں میں جا کر ہندو ؤں والے نام رکھ کر زندگی گذارنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ وہ کبھی بھی، کسی وقت ملازمت سے نکالے جا سکتے ہیں۔ وہ تعلیم حاصل کر بھی لیں تو انہیں تعلیم کے مطابق کوئی نوکری نہیں ملتی۔ ان کے لئے بھارت میں تعلیم، رہائش اور ملازمت کے لئے کوئی "چوائس" نہیں کہ وہ ان میں سے کسی ایک کو چن سکیں۔ وہ تو رہائش کے اعتبار سے اپنی غلیظ آبادیوں میں ہی رہنے پر مجبور ہیں کہ باہر آئے تو مار دیئے جائیں گے، ملازمت کے لئے وہ انہی پیشوں سے وابستہ رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ کسی اورجگہ ان کو کوئی کام نہیں دے گا اور تعلیم حاصل کرنا ان کے بس کی بات ہی نہیں اور اگر وہ کسی طرح حاصل کر بھی لیں تو اس کے مطابق انہیں نہ عزت ملتی ہے اور نہ ہی نوکری۔ بھارت کے چوبیس کروڑ مسلمانوں کی یہ آبادی اپنی تمام تر صلاحیتوں کے باوجود اور آگے بڑھنے کے جذبے کے باوصف دن بدن، غربت، ذلت بیماری اور غلاظتوں کے کنویں میں دھنستی جاچلی رہی ہے۔

غزالہ وہاب نے کہا، کہمیرے سیکولر، لبرل باپ نے ایک فقرہ بہت سالوں کے بعد بولا، جو انہیں بہت پہلے بول دینا چاہیے تھا۔ اس فقرے کی تلخی بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا، "آخر کار یہ ان کا ہی تو ملک ہے" یعنی یہ ملک ہندوؤں کا ہے۔ یہ ہے ایک بھارتی سیکولر، لبرل خاندان کا ادراک۔ یہ وہ "گیان" ہے جو قائد اعظمؒ کو سو سال پہلے ہوا تھا اور انہوں نے ایک فقرہ بول کر کانگریس چھوڑ دی تھی، "ہندو ناقابلِ اصلاح ہے"

اوریا مقبول جان
#Oryamaqboljan



پیر، 5 اپریل، 2021

History of indigenous education in the Punjab

 

انگریزی زبان کو  برصغیر پر کس طرح نافذ کیا گیا

جاوید چودھری

چارلس ٹی میٹکلف (Charles T. Metcalfe) 1785ء میں کلکتہ میں پیدا ہوا تھا‘ والد ایسٹ انڈیا کمپنی میں ڈائریکٹر تھا اور کلکتہ میں تعینات تھا‘ چارلس نے لندن سے تعلیم حاصل کی اور 1801ء میں واپس آ کر کمپنی کی نوکری کر لی‘ وہ بنگال کے گورنر جنرل لارڈ ویسلے (Lord Wellesley) کا پرائیویٹ سیکریٹری تھا‘ برطانیہ اس وقت نپولین بونا پارٹ سے لڑ رہا تھا‘ نپولین ہندوستان پر بھی حملہ کرنا چاہتا تھا چناں چہ اس نے مہاراجوں کے ساتھ تعلقات بڑھا نا شروع کر دیے تھے‘ فرنچ جرنیلوں نے سراج الدولہ اور ٹیپو سلطان کی فوجوں کو بھی ٹریننگ دی تھی اور یہ اب پنجاب میں اثرورسوخ بڑھا رہے تھے۔پنجاب اس وقت ہندوستان کی مضبوط ترین ریاست تھی‘ رنجیت سنگھ کی ریاست ستلج کے کناروں سے شروع ہو کر خیر پور اور کشمیر سے جلال آباد تک پھیلی تھی اگر نپولین مہاراجہ کے ساتھ جڑ جاتا توانگریزوں کے لیے ہندوستان پر قبضہ مشکل ہو جاتاچناں چہ کمپنی سرکار مہاراجہ اور نپولین کے درمیان ہر صورت معاہدہ رکوانا چاہتی تھی‘ گورنر جنرل نے 1808ء میں میٹکلف کوایلچی بنا کر پنجاب بھجوا دیا‘ یہ امرتسر اور لاہور آیا اور پنجاب کا سسٹم دیکھ کر حیران رہ گیا‘  میٹکلف نے گورنر جنرل کو لکھا ’’ہمیں اصل خطرہ نپولین سے نہیں رنجیت سنگھ سے ہے‘‘ اس کا کہنا تھا’’ پنجاب کے ہر گاؤں میں اسکول ہے اور مرد‘ عورت اور بچوں سب کے لیے تعلیم لازم ہے۔پنجاب حکومت اس وقت تک کسی مسجد‘ مندر اور دھرم شالا (گوردوارہ) کی اجازت نہیں دیتی جب تک لوگ اس کے ساتھ اسکول بنانے کا وعدہ نہیں کرتے چناں چہ پنجاب میں جہاں بھی دھرم شالا‘ مندر یا مسجد ہے وہاں اسکول موجود ہے‘ دوسرا پورے پنجاب میں دھوپ گھڑیاں نصب ہیں‘ یہ گھڑیاں رات کے وقت بھی ٹائم بتا دیتی ہیں اور مندروں اور گوردواروں میں اتنی گھنٹیاں بجا دی جاتی ہیں‘ یہ لوگ وقت کے انتہائی پابند ہیں‘ ان کے چار ہمیشہ چار بجے بجتے ہیں اور پنجاب میں تمام لوگوں کے لیے عسکری تربیت اور اسلحہ لازم ہے۔ہر گاؤں کی اپنی فوج ہے‘ یہ فوج گاؤں کی حفاظت بھی کرتی ہے اور جب مہاراجہ کو ضرورت پڑتی ہے تو یہ ذاتی گھوڑوں پر سوار ہو کر اپنا اسلحہ لے کر لاہور پہنچ جاتی ہے‘ پنجاب میں جتنے لوگ ہیں اتنے ہی سپاہی ہیں لہٰذا ہمیں ان کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہو گا‘‘ میں آپ کو یہاں یہ بھی بتاتا چلوں میٹکلف وہ شخص تھا جس نے ہندوستان میں میڈیا (پریس) کی بنیاد رکھی تھی اور انگریزی کو سرکاری زبان کا درجہ دیا تھا‘ آپ یہ جان کر بھی حیران ہوں گے برطانیہ میں اس وقت تک بنیادی تعلیم لازمی نہیں تھی‘ برطانوی پارلیمنٹ نے 1870ء میں پہلا ایلیمنٹری ایجوکیشن ایکٹ منظور کیا تھا جس کے بعد انگلینڈ میں بنیادی تعلیم لازم ہوئی تھی۔راجہ رنجیت سنگھ 1839ء میں فوت ہو گیا‘اس کے بعد تخت لاہور کم زور پڑ گیا اور انگریز نے 1849ء میں پنجاب پر قبضہ کر لیا‘ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے اس وقت پنجاب میں تعلیم سو فیصد تھی‘رنجیت سنگھ نے 1830ء تک پنجاب کے ہر شخص کو پڑھا اور لکھا دیا تھا‘ انگریز اس تعلیم کو خطرناک سمجھتا تھا چناں چہ یہ لوگ کنگز کالج لندن کے ایک نوجوان پروفیسر گوٹلیب ولیم لیٹنر (Gottlieb Wilhelm Leitner) کو لاہور لے آئے‘ لیٹنر بھی ایک عجیب وغریب کردار تھا۔

یہ 50 زبانیں جانتا تھا‘ عربی‘ ترکی اور فارسی مقامی لوگوں کی طرح بولتا تھا‘ کچھ عرصہ ’’مسلمان‘‘ بھی رہا تھا‘ اس نے داڑھی بڑھا کر اپنا نام عبدالرشید سیاح رکھا اور تمام اسلامی ملکوں کی سیاحت کی‘ وہ مسجدوں میں نماز تک پڑھ لیتا تھا‘ وائسرائے نے اسے ہندوستان بلایا اور اسے پنجاب کا نظام تعلیم بدلنے کی ذمے داری سونپ دی‘ لیٹنر نے پنجاب کا دورہ کیا اور وائسرائے کو لکھا‘ مجھے پڑھے لکھے پنجاب کو جاہل بنانے کے لیے 50سال درکار ہوں گے‘ وائسرائے نے اسے 50سال دے دیے۔اسے انسپکٹر جنرل آف اسکولز پنجاب بنا دیاتھا‘ لیٹنر کو گورنمنٹ کالج لاہورکا پرنسپل بنا دیا گیا‘ اس نے آگے چل کر پنجاب یونیورسٹی کی بنیاد بھی رکھی‘ یہ ان دونوں اداروں کا ابتدائی سربراہ تھا‘ انگریز نے پنجابیوں کو غیر مسلح اور ان پڑھ بنانے کے لیے پنجاب میں ’’ہتھیار جمع کرائیں اور حکومت سے تین آنے لے لیں اور عربی‘ سنسکرت اور گورمکھی کی کتاب دیں اور چھ آنے وصول کر لیں‘‘ جیسی اسکیم بھی متعارف کرا ئی اور پورے پنجاب سے کتابیں اور اسلحہ جمع کر لیا ‘ انگریز نے اس کے بعد انگریزی زبان کو سرکاری اور دفتری زبان بنا دیا اورا سکولوں کو عبادت گاہوں سے الگ کر دیا ‘ جاگیر داروں اور زمین داروں کے بچوں کو انگلش میڈیم تعلیم دے کر متوسط طبقے کو دبانے کی ذمے داری بھی دے دی گئی ‘ انگریزوں کو سمجھ دار‘ قانون پسند اور انصاف کا پیکر بنا کر پیش کرنا بھی شروع کر دیا گیا۔

دھوپ گھڑی پر پابندی لگا دی گئی اور مقامی زبانوں اور کتابوں کو جہالت کا مرکب قرار دے دیا گیا‘ ولیم لیٹنر کا منصوبہ کام یاب ہو گیا اور اس نے 50 کے بجائے 30 برس میں پورے پنجاب کو غیرتعلیم یافتہ اور جاہل بنا دیا‘ لیٹنر نے اپنے ہاتھ سے لکھا’’ میں نے پورے پنجاب کا دورہ کیا‘ آج یہاں کوئی پڑھا لکھا شخص نہیں‘‘ اس نے سیالکوٹ کے ایک گاؤں چوڑیاں کلاں کی مثال دی‘ اس کا کہنا تھا‘ میں پنجاب آیا تو اس گاؤں میں ڈیڑھ ہزار پڑھے لکھے لوگ تھے‘ آج یہاں صرف 10لوگ گورمکھی اور ایک اردو پڑھ سکتا ہے اور یہ بھی چند برسوں میں مرکھپ جائیں گے‘ لیٹنر نے پنجاب میں رہ کر اردو سیکھ لی اور پھر اردو میں دو والیم کی تاریخ اسلام لکھی‘یہ کتاب 1871ء اور 1876ء میں دو بار شایع ہوئی۔لیٹنر 1870ء کی دہائی میں اپنا کام مکمل کر کے برطانیہ واپس چلا گیا‘ یہ بھوپال کی رانی سلطان شاہ جہاں کے بہت قریب تھا‘ رانی نے اسے کثیر سرمایہ اورآرکی ٹیکٹس دیے‘ اس نے لندن میں ووکنگ (Woking) کے علاقے میں جگہ خریدی اور بیگم سلطان شاہ جہاں کے نام پر شاہ جہاں مسجد بنوا دی‘ یہ مغربی یورپ اور برطانیہ میں پہلی مسجد تھی‘ یہ آج بھی قائم ہے اور مجھے اس میں جمعہ کی نماز پڑھنے کا اتفاق ہو چکا ہے‘ مسجد میں لیٹنر کے نام کی تختی بھی لگی ہے۔ولیم لیٹنر نے 1882ء میںHistory of indigenous education in the Punjab کے نام سے کتاب لکھی‘ اس نے اس میں انکشاف کیا ‘میں جب پنجاب پہنچا تو پورے ملک میں کوئی ایسی مسجد‘ مندر یا دھرم شالا نہیں تھی جس کے ساتھ اسکول نہ ہو‘ حکومت پوری ریاست میں مفت قاعدے تقسیم کرتی تھی اور یہ قاعدے پڑھنا عورتوں کے لیے لازمی تھا‘ اخلاقیات کی تعلیم پنجابی سسٹم کی بنیاد تھی‘ یہ لوگ اخلاقیات سے اپنی تعلیم شروع کرتے تھے‘ ہم نے ہر گھر سے قاعدے نکالے‘ جلائے اور ان کی اشاعت پر پابندی لگا دی۔ہم نے عبادت گاہوں میں موجود تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے اور عوام کو مجبور کیا وہ انگریز کے اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں لیکن ہماری تعلیم سب کے لیے نہیں تھی‘ ہم یہ سہولت صرف اپنے وفادار خاندانوں کو دیتے تھے‘ پنجاب میں سکھ‘ ہندو اور مسلمان اکھٹے رہتے تھے‘ یہاں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں تھا لیکن ہمارے اقتدار کے صرف 30 برسوں میں یہ سب لوگ ایک دوسرے کے جانی دشمن بن گئے جب کہ چارلس میٹکلف نے لکھا ’’ہم نے صرف انگریزی کو دفتری اور سرکاری زبان بنا کر ایک ہی رات میں پورے ہندوستان کو ان پڑھ بنا دیا‘‘۔